خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے تھانہ مریاں کے مین گیٹ کے قریب زور دار دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں دو شہری شہید ہوگئے ۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق حفاظتی ریت کے تھیلے کی قلعہ بندی کی وجہ سے پولیس اہلکار محفوظ رہے تاہم حملے میں بے گناہ شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، ابتدائی اطلاعات میں دو شہریوں کے شہید اور 15کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے فوری بعد زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دہشتگردچاہے فتنہ الہندستان یا فتنہ الخوارج کے لیبل کے تحت کام کریں ان کا طریقہ کار ایک ہی رہتا ہے جب بھی ان عناصر کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے فیصلہ کن ضربوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا سہارا لیتے ہیں، اس طرح کی کارروائیوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ان کا مقصد خوف اورحملوں کے ذریعے پاکستان کوغیر مستحکم کرنا ہے۔