پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کیش کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کو نافذ کرنے کے لیے واضح احکامات جاری کر دیے ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ کاروباری لین دین کیو آر کوڈ (QR Code) اور راست (Raast) کے ذریعے کیا جائے۔
مراسلے کے مطابق صوبہ بھر کے تمام کاروباری مراکز، تاجر اور پرچون فروش اپنے کاروبار پر کیو آر کوڈ آویزاں کریں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ادائیگی کے لیے کیو آر کوڈ واضح اور نمایاں جگہ پر موجود ہونا چاہیے تاکہ کاروباری حضرات اور عوام کو لین دین میں آسانی ہو۔
پنجاب حکومت نے اس حوالے سے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ڈیجیٹل پیمنٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ڈیجیٹل پیمنٹ کے ذریعے کیش لیس سسٹم نافذ العمل ہوگا، جبکہ یہ نظام عوام کی سہولت، شفافیت اور اکاؤنٹبلیٹی میں معاون ثابت ہوگا۔
مراسلے میں صوبہ بھر کے پیٹرول پمپس پر فوری طور پر ڈیجیٹل پیمنٹس کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق پیٹرول پمپ پر ادائیگی اور لین دین فوری نوعیت کا ہوتا ہے، اس لیے وہاں فوری طور پر ڈیجیٹل پیمنٹ نافذ کی جائے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ پیٹرول پمپس پر نہ صرف کیو آر کوڈ بلکہ موبائل کے ذریعے ادائیگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔