نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے رمضان المبارک 2026 کے دوران متوقع موسمی حالات کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں مجموعی طور پر موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق رمضان کے دوران دن کے وقت درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے جبکہ رات کے اوقات میں موسم نسبتاً ٹھنڈا رہے گا۔
پہلے عشرے میں ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم شمالی اور مغربی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں خاص طور پر رات کے وقت سردی برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسرے عشرے میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے اور موسم نسبتاً گرم ہو سکتا ہے۔
اس دوران شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور پوٹھوہار کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ تیسرے عشرے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
خاص طور پر شمالی پاکستان اور وسطی پنجاب میں بارش کی توقع ہے، اس کے برعکس جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں رمضان کے آخری دنوں میں درجہ حرارت میں واضح اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔