جیل سے رہائی کے بعد راجپال یادیو کا پہلا بیان سامنے آگیا

جیل سے رہائی کے بعد راجپال یادیو کا پہلا بیان سامنے آگیا

بالی ووڈ کے معروف مزاحیہ اداکار راجپال یادیو کو دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے عارضی ضمانت ملنے کے بعد تہاڑ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ رہائی کے بعد راجپال یادیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پہلی بار اپنے جذبات کا اظہار کیا اور مداحوں سمیت عدالت کا شکریہ ادا کیا۔

راجپال یادیو کو تقریباً 9 کروڑ بھارتی روپے کے چیک باؤنس اور قرض کے تنازعے کے سلسلے میں قید بھگتنا پڑی تھی۔ اس معاملے میں اداکار نے دسمبر 2025 میں عدالت میں پیش ہونے کے بعد خود کو تہاڑ جیل کے حوالے کیا تھا۔

عدالت نے مقدمہ سننے کے بعد راجپال یادیو کو 18 مارچ 2026 تک کے لیے عارضی ضمانت دے دی ہے، جس کے تحت انہیں مکمل مقدمے کا فیصلہ سننے تک رہا رہنے کی اجازت مل گئی ہے۔

رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں راجپال یادیو نے کہا کہ ان کا 30 سالہ فلمی کیریئر 2027 میں مکمل ہو جائے گا اور وہ لوگوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے فلمی کیریئر کے دوران پورا ملک اور بالی ووڈ ان کے ساتھ رہا، جس کی وجہ سے وہ تقریباً 200 سے 250 فلموں میں کام کر سکے۔

اداکار نے کہا، ’’اگر مجھے کسی الزام کا سامنا کرنا پڑا ہے تو میں اس کا جواب بھی دوں گا اور عدالت میں پوری طرح پیش ہوں گا۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی تہاڑ جیل میں قید بھارتی اداکار راجپال یادو کی اہلیہ کا اہم بیان سامنے آگیا

دہلی ہائی کورٹ نے عارضی ضمانت دیتے ہوئے راجپال یادیو پر کچھ مالی اور قانونی شرائط بھی عائد کی ہیں، جن میں پاسپورٹ عدالت کے سپرد کرنا اور اگلی سماعت میں ذاتی طور پر یا ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کو ضروری قرار دینا شامل ہے۔ عدالت نے ضمانت 18 مارچ 2026 تک برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے، جب مدعی کی جانب سے رقم کی باقی ادائیگی یا تنازعے کا حتمی فیصلہ سنا جائے گا۔

یاد رہے کہ یہ کیس 2010 میں راجپال یادیو کی فلم ’’اتا، پتا، لاپتا‘‘ کی مالی معاونت کے لیے لیے گئے 5 کروڑ روپے قرض سے شروع ہوا تھا۔ بعد ازاں وہ رقم کی ادائیگی میں ناکام رہے اور چیک باؤنس کے تحت قانونی کارروائی کا شکار ہوئے۔ عدالتوں میں طویل قانونی جدوجہد کے بعد سود اور دیگر ذمے داریوں کے باعث یہ رقم بڑھتے ہوئے مجموعی طور پر 9 کروڑ روپے تک پہنچ گئی تھی۔

راجپال یادیو کے ساتھ اس مشکل وقت میں بالی ووڈ فنکاروں نے بھی یکجہتی کا اظہار کیا۔ معروف اداکار سونو سود سمیت متعدد ساتھی فنکاروں نے انہیں حوصلہ دیا اور مدد کی پیشکش بھی کی، جس سے ان کی مشکلات میں کمی آئی۔

عدالتی کارروائیاں تاحال جاری ہیں، تاہم اداکار کی رہائی سے انہیں دوبارہ فلمی سرگرمیوں میں واپسی کی امید ملی ہے اور قانونی معاملات حل کرنے کا موقع بھی میسر آیا ہے، جس کے تحت وہ اپنے مداحوں کے سامنے اپنی بات رکھ سکیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *