اگر آپ کا قومی شناختی کارڈ گم ہو گیا ہے، چوری ہو گیا ہے یا خراب ہو چکا ہے تو اب اس کی دوبارہ تیاری کے لیے پیچیدہ مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہیں۔ نادرا نے شہریوں کے لیے ری پرنٹ کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنا دیا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہنادر تازہ رہنمائی کے مطابق شہری صرف اپنے شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ قریبی نادرا دفتر یا میگا سینٹر کا رخ کریں اور سیلف سروس سینیٹر سے رجوع کریں۔ وہاں درخواست جمع کروانے کے بعد بائیومیٹرک تصدیق، تصویر کی توثیق اور دستخط کی تصدیق جیسے مراحل مکمل کیے جاتے ہیں۔ تمام کارروائی جدید نظام کے تحت کم وقت میں مکمل ہو جاتی ہے۔
پہلے شناختی کارڈ کی ری پرنٹ کے لیے متعدد کاؤنٹرز اور طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم اب سیلف سروس سہولت کے ذریعے شہری خود عمل کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کا وقت بچانا اور غیر ضروری رش کو کم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق گم شدہ کارڈ کی صورت میں شہریوں کو فوری طور پر اطلاع دینا چاہیے تاکہ کسی بھی ممکنہ غلط استعمال سے بچا جا سکے۔ ری پرنٹ کے بعد نیا کارڈ مقررہ مدت میں فراہم کر دیا جاتا ہے، جبکہ ہنگامی بنیادوں پر فیس کے تحت جلد فراہمی کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
نادرا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ری پرنٹ کے لیے اپنا درست شناختی نمبر ساتھ لے کر آئیں اور سیلف سروس سینٹر کے تمام مراحل احتیاط سے مکمل کریں تاکہ درخواست میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ نئی سہولت کے ذریعے اب شناختی کارڈ کا دوبارہ حصول پہلے سے کہیں زیادہ آسان اور سہل بنا دیا گیا ہے۔