وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ڈیل مسترد کرنے سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈیل مسترد کرنے کی بات 24 نومبر کے احتجاج کے تناظر میں کی تھی۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اس روز ہونے والے احتجاج کے دوران اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں تھے۔
رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کی جانب سے راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کو اختیارات دینے کی خبروں کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں شخصیات کو کسی قسم کے مذاکراتی اختیارات نہیں دیے گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محمود اچکزئی کو وزیراعظم سے ملاقات کی پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں نے ملاقات نہیں کی۔ رانا ثناء اللہ کے مطابق حکومت پہلے ہی “استحکامِ پاکستان میثاق” کی پیشکش کر چکی ہے۔