ویسٹ انڈیز کی زمبابوے کے خلاف 107 رنز سے فتح، بھارت کی سیمی فائنل تک رسائی غیر یقینی ہو گئی

ویسٹ انڈیز کی زمبابوے کے خلاف 107 رنز سے فتح، بھارت کی سیمی فائنل تک رسائی غیر یقینی ہو گئی

ممبئی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے نیشنل کرکٹ ٹیم کو 107 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر گروپ کی صورتحال دلچسپ بنا دی، جبکہ بھارت کے لیے سیمی فائنل کی راہ مزید کٹھن ہو گئی۔

وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 254 رنز بنا ڈالے، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعہ ہے۔ ویسٹ انڈین بیٹرز نے چوکوں اور چھکوں کی برسات کر کے زمبابوین باؤلرز کو بے بس کر دیا۔

جواب میں زمبابوے کی ٹیم 147 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں ویسٹ انڈیز نے 107 رنز سے شاندار فتح اپنے نام کی۔ اس کامیابی کے بعد ویسٹ انڈیز گروپ 1 میں 2 پوائنٹس اور 5.350 کے شاندار نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر آ گئی ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم بھارت کو شکست دے کر 3.800 کے نیٹ رن ریٹ اور 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ بھارتی ٹیم بغیر کسی پوائنٹ اور منفی 3.800 نیٹ رن ریٹ کے باعث تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔

بھارت کو اب ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے خلاف اپنے باقی دونوں میچز نہ صرف جیتنے ہوں گے بلکہ بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی، کیونکہ پوائنٹس برابر ہونے کی صورت میں کم نیٹ رن ریٹ سیمی فائنل کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی طبی معائنے کے لیے پمز ہسپتال آمد، تسلی بخش چیک اپ کے بعد واپس اڈیالہ منتقل

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *