وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 44ویں میچ میں سپر ایٹ مرحلے کے چوتھے مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنز سے باآسانی شکست دے دی۔
255 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 18ویں اوور میں 147 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ زمبابوے کی جانب سے بریڈ ایونز 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، ڈائن مائرز نے 28، کپتان سکندر رضا نے 27 رنز اسکور کیے۔
ٹاڈیوناشے مارومانی اور ٹونی مونیونگا 14، 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ برائن بینیٹ 5 رنز ہی بنا سکے۔ رائن برل، ٹاشنگا مسیکیوا، گریم کریمر اور بلیسنگ مزرابانی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جبکہ رچرڈ نگاروا 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے گداکیش موتی نے 4، عقیل حسین نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جیسن ہولڈر اور میتھیو فورڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل زمبابوے کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز اسکور کیے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمرون ہیٹمائر نے 85 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ روومن پاول 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ روماریو شیفرڈ نے 21 رنز بنائے۔ کپتان شے ہوپ 14، جیسن ہولڈر 13 اور برینڈن کنگ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شرفین ردرفورڈ 31 اور میتھیو فورڈ 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
زمبابوے کی جانب سے رچرڈ نگواروا اور بلیسنگ مزرابانی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ گریم کریمر اور بریڈ ایونز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔