وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی نے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات کی،جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون کو نئے شعبوں تک وسعت دی جائے گی۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان جاری پیشہ ورانہ روابط پر اطمینان ظاہر کیا اور دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔
شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے میں قطر کی دلچسپی کا اظہار کیاملاقات میں علاقائی صورتحال، بالخصوص ایران اور افغانستان کے تناظر میں سکیورٹی چیلنجز پر بھی گفتگو کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق فریقین نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند سطح پر لے جانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیااس سے قبل وزیراعظم نے قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید سے بھی ملاقات کی
اس موقع پر دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جامع جائزہ لیا گیا اور پاکستان،قطر تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، ڈاکٹر احمد بن محمد السید پاکستان-قطر جوائنٹ بزنس ٹاسک فورس کے چیئرمین بھی ہیں۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے اور قطر کو پاکستان کی برآمدات، خصوصاً زرعی مصنوعات، غذائی اشیاء اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں تنوع لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے سرمایہ کاری دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سہولتوں کے حوالے سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر روشنی ڈالی،دونوں ممالک نے رمضان المبارک کے دوران متعلقہ حکام پر مشتمل ایک مشترکہ ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا، جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس تجاویز پر غور کیا جائے گا۔