قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ابھی ہم ٹورنامنٹ میں ان ہیں، ہم نے اپنا میچ جیتنا ہے اس پر فوکس ہے، یہ دیکھ رہے ہیں کہ نیوزی لینڈ ٹیم اپنے میچز ہارے۔
پالیکیلے میں انگلینڈ کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہیری بروک نے زندگی کی بہترین اننگز کھیلی ہے، کرکٹنگ شاٹس کھیلے ہیں، کریڈٹ ہیری بروک کو جاتا ہے۔
شاہین آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں 30 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں اور اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ میرا فوکس ہمیشہ اپنی کارکردگی پر رہتا ہے کہ محنت کروں اور جب بھی کھیلوں تو اچھا کھیلوں ، ہم ایک وقت پر 180 رنز دیکھ رہے تھے، ہمیں پارٹنر شپ کی کمی رہی۔
انہوں نے کہا کہ ہیری بروک نے غیر معمولی اننگز کھیلی، بروک نے ورلڈ کلاس اننگز کھیلی، ان سے ہاتھ ملانا اس کا حق تھا، بروک سے میری دوستی بھی ہے وہ ایک اچھا بلے باز ہے ہم لاہور قلندرز میں بھی اکٹھے کھیلے ہیں۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے، میں اگر ڈراپ بھی ہوتا ہوں تو انتظار کرتا ہوں کہ موقع ملے تو اس سے بھرپور فائدہ اٹھاؤں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے ہمیشہ وکٹ لینے کی کوشش کرتا ہوں ، مجھے کسی کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں مجھے خود کو ثابت کرنا ہے، جب ہارتے ہیں تو آپ سب کی غلطی قرار دیتے ہیں ، اس وکٹ پر ہمیں 180 رنز کرنا چاہیے تھے۔
کوچ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ کا مائنڈ سیٹ ہے انہیں پتہ ہے کہ کیسے ٹیم کو لے کر چلنا ہے، یہ وہ ہی بتا سکتے ہیں کہ وہ آل راؤنڈرز کو زیادہ کھلاتے ہیں۔
یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے ٹی20 ورلڈ کپ کے اس اہم میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئےبڑا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے ، شاہین آفریدی ٹی20 کرکٹ میں پاکستان کیجانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں، اس سے قبل یہ ریکارڈ فاسٹ بولر حارث رؤف کے پاس تھا جنہوں نے 94 میچوں میں 133 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں انگلینڈ نے ہیری بروک کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو باآسانی 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔