آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے میں بھارت کی سیمی فائنل تک رسائی خطرے میں پڑگئی ہے کیونکہ سوریہ کمار یادیو کی قیادت میں بھارتی ٹیم کو احمد آباد میں کھیلے گئے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 76 رنز سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے، جس میں ڈیوڈ ملر نے ذمہ دارانہ 63 اور ڈیوالڈ بریوس نے جارحانہ انداز میں 45 رنز اسکور کیے, بھارتی باؤلرز میں جسپریت بمراہ نے تین وکٹیں لے کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ابتدائی ہی سے دباؤ میں نظر آئی اور مقررہ رن ریٹ کے تقاضے پورے نہ کر سکی اور پوری ٹیم 111 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جس میں جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
اس بدترین شکست کے بعد بھارت کے لیے سیمی فائنل میں جگہ بنانا مشکل ہو گیا ہے اور اب اسے اپنے باقی دو میچز، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے خلاف لازمی جیتنے ہوں گے۔
اگر بھارت دونوں میچز جیتتا ہے تو اسے چار پوائنٹس حاصل ہوں گے جو عام طور پر سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے کافی ہوتے ہیں، مگر شرط یہ ہے کہ دو دیگر ٹیمیں بھی چار پوائنٹس حاصل نہ کرلیں، اس صورت میں بھارت کی کوالیفکیشن کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔
دوسری صورت میں اگر بھارت صرف ایک میچ جیتتا ہے تو اسے امید رکھنی ہوگی کہ جنوبی افریقہ باقی تمام میچز جیت لے اور بھارت کی جیت ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے درمیان فاتح ٹیم کے خلاف ہو، اس صورت میں بھارت، زمبابوے اور ویسٹ انڈیز تینوں کے پاس دو، دو پوائنٹس ہوں گے اور فیصلہ نیٹ رن ریٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔
سو یہ طے ہے کہ بھارت کا فائنل جیتےنے کا خواب اتنی آسانی سے پورا نہیں ہوگا ، ابھی تو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے لالے پڑ گئے ہیں اور اب ہر میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔