وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی جس میں سندھ کے سیاسی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی، ملاقات کو وفاق اور صوبے کے درمیان روابط کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مخلوط حکومت کے ایک اہم اتحادی کے طور پر سندھ کی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی، مشاورت اور باہمی اعتماد قومی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کے لیے ناگزیر ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط روابط جمہوری نظام کو تقویت دیتے ہیں اور عوامی مسائل کے بروقت حل میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی ایک اہم اتحادی جماعت ہے اور مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے باہمی تعاون سے قومی ترقی کا سفر مزید تیز کیا جا سکتا ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ملک کو معاشی اور سماجی استحکام کی راہ پر گامزن رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں :حکومت آئندہ بجٹ میں ٹیکسز میں ڈائریکٹ کمی کرے گی،شہباز شریف
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی فلاحی اسکیموں پر پیش رفت کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی،وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لانے کے لیے وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور باہمی ہم آہنگی کو یقینی بنائیں۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال اور مشیرِ وزیر اعظم رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے، جہاں قومی اور صوبائی سطح پر جاری امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

