جوہری معاہدے سے قبل امریکا کی ایران پر نئی پابندیاں، کشیدگی میں اضافہ

جوہری معاہدے سے قبل امریکا کی ایران پر نئی پابندیاں، کشیدگی میں اضافہ

امریکا نے ایران کے ساتھ ممکنہ جوہری مذاکرات سے قبل ایران پر نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے تازہ اقدامات کے تحت تیس سے زائد افراد، اداروں اور بحری جہازوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے،امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ نامزد افراد اور ادارے ایرانی پیٹرولیم کی مبینہ غیر قانونی فروخت اور اسلحہ سازی کے پروگرام میں معاونت کر رہے تھے۔

بیان میں خاص طور پر اُن بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا ذکر کیا گیا ہے جو ایران کے مبینہ خفیہ بحری بیڑے کا حصہ سمجھے جاتے ہیں اور ایرانی تیل و پیٹرولیم مصنوعات کو بیرونی منڈیوں تک پہنچانے میں کردار ادا کرتے ہیں ،واشنگٹن کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ایرانی حکومت کے مالی وسائل کو محدود کرنا ہے تاکہ وہ حساس پروگراموں کے لیے فنڈنگ حاصل نہ کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں :امریکہ ایران پر حملہ کرے گا کہ نہیں، آئندہ دو ہفتوں میں فیصلہ کروں گا، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ ایران عالمی مالیاتی نظام کو غیر قانونی تیل فروخت کرنے، آمدنی کو پوشیدہ رکھنے اور اپنے جوہری و روایتی ہتھیاروں کے پروگرام کے لیے سامان حاصل کرنے میں استعمال کرتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی جاری رکھے گی تاکہ اس کی عسکری صلاحیتوں اور مبینہ طور پر دہشت گرد گروہوں کی حمایت کو روکا جا سکے۔

دوسری جانب ایران نے اپنے میزائل پروگرام سے متعلق امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے محتاط مگر مثبت توقعات کا اظہار کیا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور دفاعی پروگرام پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق نئی پابندیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب جوہری معاہدے کی بحالی سے متعلق سفارتی سرگرمیاں متوقع ہیں، جس سے خطے میں سیاسی و سفارتی ماحول مزید پیچیدہ ہو سکتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *