خلیجی ریاست قطر نے ایران کے ساتھ مبینہ خفیہ ادائیگیوں سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے دیا ہے۔ قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران واضح کیا کہ ایسی تمام اطلاعات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور یہ محض افواہیں ہیں جن کا مقصد قطر کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔
ترجمان کے مطابق بعض حلقوں کی جانب سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ قطر ایران کے ساتھ کسی خفیہ معاہدے یا ادائیگی کے ذریعے خلیجی خطے پر حملے رکوانے کی کوشش کر رہا ہے۔ تاہم انہوں نے ان دعوؤں کو یکسر
مسترد کرتے ہوئے کہا کہ قطر ہمیشہ شفاف اور سفارتی اصولوں کے تحت کام کرتا ہے اور کسی بھی قسم کی یکطرفہ کارروائی یا خفیہ لین دین میں ملوث نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی افواہیں دراصل خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ قطر کے مثبت کردار کو مشکوک بنایا جا سکے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ قطر ہمیشہ امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے اور اسی پالیسی کے تحت وہ مختلف عالمی تنازعات میں ثالثی کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔

