پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہم سب کا قومی فریضہ ہے، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی

پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہم سب کا قومی فریضہ ہے، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور حکومت تمام تر معاملات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہم سب کا قومی فریضہ ہے اور کسی کو بھی سرحدی علاقوں کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی اور بیرونی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہیں اور قومی سلامتی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاک افغان کشیدگی کے تناظر میں صوبائی حکومت متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق سرحدی علاقوں کے عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سہیل آفریدی نے بتایا کہ سرحدی اضلاع میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر عوامی خدشات سے حکومت مکمل طور پر آگاہ ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرحدی علاقوں کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ میں افغانستان کی دراندازی کےخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور

آخر میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ذمہ دارانہ طرز عمل ناگزیر ہے اور تمام فریقین کو تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *