پشاور، بنوں اور ہنگو میں پولیس چوکیوں اور تھانوں پر دہشتگردوں کی جانب سے کیے گئے حملوں کو سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں ناکام بنا دیا گیا۔
حملوں کے دوران دہشتگردوں نے دستی بم پھیکنا اور فائرنگ تاہم پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے باعث بزدل دشمن فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق پشاور پولیس کے تھانہ بڈھ بیر پر دہشتگردوں نے دستی بم حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔
اسی طرح تھانہ متنی سرہ خوارہ پولیس چوکی پر بھی حملہ کیا گیا جہاں ایک پولیس اہلکار سمیت مجموعی طور پر سات افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق مذکورہ چوکی پر جرگہ جاری تھا جس دوران حملہ کیا گیا زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب بنوں پولیس کے مطابق کاشو پل پولیس چوکی پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تاہم پولیس کی مؤثر جوابی فائرنگ کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ اسی طرح کنگر پولیس چوکی پر بھی فائرنگ کی گئی جس کے بعد دہشتگرد موقع سے فرار ہو گئے۔
ضلعی پولیس افسر یاسر آفریدی نے بتایا کہ بنوں شہر میں سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور تمام اہم شاہراہوں اور چوکوں پر پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
ادھر کوہاٹ میں شہر کے تمام داخلی راستوں پر پولیس چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں اور سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے،ہنگو پولیس کے مطابق ہنگو کے قاضی تالاب علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی جسے پولیس نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے پسپا کر دیا۔ حملے کے بعد دہشتگرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔