ماہِ رمضان کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے محکمہ ایکسائز کی جانب سے موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ کے اجرا اور تنصیب کے اوقات کار میں نمایاں تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکام نےبڑھتے ہوئے رش اور عوامی شکایات کے پیش نظر مراکز کے اوقات میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا تاکہ روزہ دار شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ کے لیے چوبیس اور بارہ گھنٹے کی کیٹیگری متعارف کرا دی گئی ہے، چوبیس گھنٹے کام کرنے والے سینٹرز کی تعداد میں مزید دو کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مجموعی تعداد چار ہو گئی ہے۔
اب چھبیس نمبر، ایف نائن پارک، فیض آباد اور پھلگراں سینٹرز چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے تاکہ شہری کسی بھی وقت اپنی موٹر سائیکل پر ایم ٹیگ لگوا سکیں۔
ڈی جی ایکسائز کے احکامات پر نو گھنٹے کی شفٹ کو بڑھا کر بارہ گھنٹے کر دیا گیا ہے، جبکہ تیرہ میں سے نو پوائنٹس پر ایم ٹیگ کی خدمات بارہ گھنٹے میسر ہوں گی۔
بارہ گھنٹے کی کیٹیگری میں روات چیک پوسٹ، جی چودہ چیک پوسٹ، نائنتھ ایونیو اور آئی نائن شامل کیے گئے ہیں، اسی طرح گندم گودام ناکہ، دامن کوہ اور مری روڈ پر قائم پوائنٹس بھی بارہ گھنٹے تک کھلے رہیں گے۔
مزید برآں گلبرگ گرینز، ملپور اور مارگلہ ایونیو چیک پوسٹ پر قائم سینٹرز کو بھی بارہ گھنٹے کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے تاکہ شہر کے مختلف علاقوں کے رہائشیوں کو طویل انتظار اور غیر ضروری آمد و رفت سے بچایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں موٹرسائیکلوں پر ایم ٹیگ لگوانا شہریوں کے لیے اذیت بن گیا تھا، جس کے باعث فوری اقدامات ناگزیر تھے،محکمہ ایکسائز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ رمضان کے دوران عملے کی تعداد بھی بڑھائی جائے گی تاکہ خدمات کی فراہمی تیز اور منظم بنائی جا سکے ۔