سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ضلع خیبر میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 22 خوارج جہنم واصل کردیے گئے جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے کمسن بچہ شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آپریشن 21 اپریل کو گیا گیا تھا، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 22 بھارتی حمایت یافتہ خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے موت کے خوف سے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے 10 سالہ معصوم بچہ شہید ہو گیا ، فورسز کی فائرنگ سے 22 خوارج ہلاک ہوئے ، ہلاک بھارتی حمایت یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، مارے جانے والے خوارج علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی مزید خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری کے تحت وژن عزمِ استحکام کے تحت جاری انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق معصوم شہریوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔