قومی کرکٹ ٹیم کے متوقع دورہ بنگلا دیش کے لیے 3 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے اسکواڈ میں بڑی تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ آئندہ عالمی مقابلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چند سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دینے یا دستے سے باہر رکھنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ حکمت عملی آئندہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاری اور مستقبل میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 کے لیے مضبوط بنیاد رکھنے کے مقصد سے ترتیب دی جا رہی ہے، میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ نئے کھلاڑیوں کو مواقع دے کر ایک طویل المدتی منصوبہ تشکیل دینا چاہتی ہے تاکہ اگلے چند برسوں میں متوازن اور ہم آہنگ کمبی نیشن تیار کیا جا سکے۔
بنگلا دیش کے خلاف 3 ایک روزہ میچ 11، 13 اور 15 مارچ 2026 کو ڈھاکا کے تاریخی میدان شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، قومی دستہ 9 مارچ کو بنگلا دیش روانہ ہوگا، تاہم خطے میں موجود کشیدہ حالات کے باعث دورے کے انعقاد پر غیر یقینی صورتحال بھی منڈلا رہی ہے، حکام صورت حال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور سیکیورٹی کلیئرنس کو حتمی فیصلہ کن عنصر قرار دیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بابر اعظم، صائم ایوب اور محمد نواز کو اس سیریز کے لیے زیر غور دستے میں شامل نہ کرنے کا امکان ہے، رپورٹ کے مطابق چند کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی اور ورک لوڈ مینجمنٹ کو بھی فیصلوں میں اہمیت دی جا رہی ہے، سلیکٹرز نوجوان بلے بازوں اور ابھرتے ہوئے آل راؤنڈرز کو آزمانا چاہتے ہیں تاکہ بینچ اسٹرینتھ کو مضبوط کیا جا سکے۔
میڈیا رپورٹس کے کا مزید کہنا ہے کہ اگرچہ مختصر فارمیٹ کی ٹیم میں فوری طور پر بڑی تبدیلیاں متوقع نہیں کیونکہ اس فارمیٹ میں فی الحال کوئی سیریز شیڈول نہیں، تاہم ایک روزہ دستے میں نمایاں رد و بدل کا امکان ہے، کم فارم یا تسلسل سے محروم کھلاڑیوں کی جگہ ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کو موقع دیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر مسابقت کے پیش نظر ٹیم میں بروقت تبدیلیاں ناگزیر ہو چکی ہیں، اگر نوجوان کھلاڑیوں کو ابھی سے اعتماد دیا جائے تو وہ بڑے مقابلوں میں دباؤ برداشت کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں، تاہم سینیئر کھلاڑیوں کو یکسر نظر انداز کرنا بھی خطرناک ہو سکتا ہے کیونکہ ان کا تجربہ اہم مواقع پر فیصلہ کن کردار ادا کرتا ہے۔
شائقین کرکٹ اس ممکنہ رد و بدل پر منقسم دکھائی دیتے ہیں، کچھ حلقے نئی قیادت اور تازہ خون کے حامی ہیں جبکہ بعض افراد کا خیال ہے کہ بڑے ناموں کو آرام دینا ٹیم کے توازن پر اثر انداز ہو سکتا ہے، حتمی دستے کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے جس کے بعد تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔