نیتن یاہو میں سمجھ بوجھ نہیں اسکی وجہ سے معاہدے میں تاخیر ہوئی، اگلے کچھ گھنٹوں میں ڈیل پر دستخط ہونگے،ڈونلڈ ٹرمپ

نیتن یاہو میں سمجھ بوجھ نہیں اسکی وجہ سے معاہدے میں تاخیر ہوئی، اگلے کچھ گھنٹوں میں ڈیل پر دستخط ہونگے،ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ طے شدہ معاہدہ اتوار کے روز شیڈول سے آگے بڑھ رہا ہے،  بیروت پر حملے کے باعث اس عمل میں وقتی تاخیر ہوئی ہے۔

امریکی ویب سائٹ ایگزیوس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دستخط پہلے ہونا تھے مگر اب یہ چند گھنٹوں بعد متوقع ہیں انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو میں سمجھ بوجھ نہیں اس کی وجہ سے تاخیر ہوئی اگلے کچھ گھنٹوں میں ڈیل پر دستخط ہوں گے ۔

ٹرمپ نے کہا کہ جب انہیں مشیروں کی جانب سے بیروت حملے کی اطلاع ملی تو انہوں نے نیتن یاہو سے سخت الفاظ میں بات کی اور کہا کہ یہ اقدام غیر دانشمندانہ ہے  موجودہ حالات میں ایسے اقدامات معاہدے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی چینل فاکس نیوز سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ آئندہ 2 سے 3 گھنٹوں میں معاہدے پر دستخط متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے نیتن یاہو کو مزید حملوں سے روکنے کا کہا ہے جبکہ ایران سے بھی اپیل کی جائے گی کہ وہ اسرائیل پر جوابی حملے سے گریز کرے۔

یہ بھی پڑھیں :ٹرمپ نے ایران کے ساتھ حتمی معاہدے کی بڑی خوشخبری سنا دی

واضح رہے کہ معاہدے پر دستخط سے قبل بیروت پر میزائل حملہ کیا گیا جس میں 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔ یہ واقعہ خطے میں جاری کشیدگی اور امن مذاکرات کے عمل کے دوران پیش آیا ہے۔

 قبل ازیں امریکہ کے صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ بیروت میں آج صبح ہونے والی کارروائی نہیں ہونی چاہیے تھی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ایران کے ساتھ ایک اہم امن معاہدے کے قریب پہنچا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور دیرپا امن کے لیے سفارتی کوششیں انتہائی اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں اور ایسے حالات میں کسی بھی قسم کی عسکری کارروائی ان کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

اس سے پہلے ٹرمپ نے سوشل ٹروتھ پر اپنے بیان میں کہا کہ اگرچہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، لیکن جس چھوٹی کارروائی کے جواب میں یہ حملہ کیا گیا وہ نہایت معمولی تھی اور اس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

امریکی صدر نے کہا کہ اس واقعے میں نہ کوئی شخص زخمی ہوا اور نہ ہی کسی کی جان گئی، اس لیے اس کو بنیاد بنا کر بڑے پیمانے پر کشیدگی پیدا کرنا مناسب نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں :ایران امریکہ معاہدے پر دستخط آج ہوں گے ،آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی،ٹرمپ

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ایران کے ساتھ ایک ایسے معاہدے پر بات چیت جاری ہے جو پورے خطے میں امن و استحکام کی نئی راہ ہموار کر سکتا ہے یہ معاہدہ صرف ایران اور امریکہ ہی نہیں بلکہ لبنان سمیت پورے مشرق وسطیٰ کے لیے امن کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو چاہیے کہ وہ لبنان میں مزید کسی بھی کارروائی سے گریز کرے اور اسی طرح کسی بھی دوسری جانب سے، خصوصاً حزب اللہ کی طرف سے بھی اسرائیل کے خلاف حملے بند ہونے چاہئیں تاکہ کشیدگی مزید نہ بڑھے۔

یہ لمحہ ایک تاریخی موقع ثابت ہو سکتا ہے، جہاں سے خطے میں طویل اور پائیدار امن کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے اگر تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں تو یہ صورتحال ایک نئی اور بہتر صبح کا آغاز بن سکتی ہے، لیکن اگر تشدد کا سلسلہ جاری رہا تو یہ نازک موقع ضائع ہو سکتا ہے۔

editor

Related Articles