عوام کے لیے بڑی خوشخبری، میٹرو اور برقی بسوں کی سبسڈی میں بھاری اضافہ

عوام کے لیے بڑی خوشخبری، میٹرو اور برقی بسوں کی سبسڈی میں بھاری اضافہ

وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کو سفری سہولیات کے شعبے میں بڑا ریلیف دیتے ہوئے عوامی نقل و حمل کے لیے مختص سبسڈی میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔

حکومت نے میٹرو بس سروس اور برقی بسوں کے منصوبوں کے لیے فنڈز میں خاطر خواہ اضافہ کرتے ہوئے عوام کو سستی، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جڑواں شہروں کی عوامی نقل و حمل کے لیے 3 ارب روپے کی سبسڈی رکھی گئی تھی، تاہم نئے مالی سال کے لیے یہ رقم بڑھا کر 7 ارب 30 کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔ اس اضافے کا مقصد میٹرو بس اور برقی بس سروسز کو مزید مؤثر بنانا اور بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو پورا کرنا ہے۔.

یہ بھی پڑھیں :میٹرو بس پر سفر کرنے والے شہریوں کے لئے اہم خبر

حکام کا کہنا ہے کہ اضافی فنڈز سے نہ صرف موجودہ ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنایا جائے گا بلکہ نئے علاقوں تک سہولتوں کا دائرہ بھی وسیع کیا جائے گا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان 2014 سے جاری میٹرو بس سروس روزانہ ہزاروں مسافروں کو سفری سہولت فراہم کر رہی ہے، جبکہ برقی بسوں کے منصوبے کو بھی تیزی سے وسعت دی جا رہی ہے۔

سرکاری منصوبہ بندی کے مطابق نئے مالی سال میں جڑواں شہروں کے مزید 20 سیکٹروں اور مختلف روٹس پر برقی بسیں چلائی جائیں گی۔ راولپنڈی ڈویژن میں اب تک 23 روٹس پر عوامی ٹرانسپورٹ سروس متعارف کرائی جا چکی ہے، جبکہ مزید 20 نئے روٹس پر مرحلہ وار برقی بسوں کا آغاز کیا جائے گا۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ ماحول دوست اور جدید سفری نظام کے فروغ کے لیے برقی بسوں کے بیڑے میں مسلسل اضافہ کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں میسر آ سکیں اور ٹریفک و ماحولیاتی مسائل میں بھی کمی لائی جا سکے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت بھی راولپنڈی ڈویژن کے لیے علیحدہ ٹرانسپورٹ سبسڈی مختص کرنے پر غور کر رہی ہے، جس سے خطے میں عوامی نقل و حمل کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ یہ اقدامات جڑواں شہروں میں بڑھتی ہوئی آبادی اور سفری ضروریات کے پیش نظر شہریوں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔

editor

Related Articles