ٹرمپ نے ایران کے ساتھ حتمی معاہدے کی بڑی خوشخبری سنا دی

ٹرمپ نے ایران کے ساتھ حتمی معاہدے کی بڑی خوشخبری سنا دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے کی دستاویزات آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں اور معاہدے پر دستخط جلد متوقع ہیں جس کے باعث ایران کے خلاف طے شدہ فوجی کارروائی روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے پر دستخط ہفتے کے اختتام تک ہو سکتے ہیں جبکہ دستخط کی تقریب یورپ میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریب میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی شرکت کریں گے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ معاہدے کے بعد خطے میں کشیدگی میں نمایاں کمی آئے گی اور آبنائے ہرمز کو بھی فوری طور پر کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس پیش رفت پر نہ صرف امریکا بلکہ پورا مشرق وسطیٰ خوش ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں ایرانی سپریم لیڈر معاہدے پر رضامند ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ایرانی قیادت اس معاہدے کی منظوری دے چکی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ایران سے متعلق پیش رفت کے حوالے سے اسرائیلی قیادت سے بھی رابطے اور مشاورت کی گئی ہے تاکہ خطے میں امن اور استحکام کے امکانات کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:بجٹ کے روز تیل کی قیمتیں گر گئیں، بڑی کمی

امریکی صدر نے پاکستان کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ امن معاہدے کی کوششوں میں پاکستان بہترین کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اہم شخصیات قرار دیا۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات اعلیٰ ترین سطح تک پہنچ چکے ہیں اور ضروری منظوری بھی حاصل ہو چکی ہے جس کے بعد انہوں نے بطور صدر ایران کے خلاف مجوزہ حملے روکنے کا فیصلہ کیا۔

 اگر امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ نہ صرف مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی کا باعث بنے گا بلکہ عالمی توانائی منڈیوں، تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ بیانات کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی بھی اسی مثبت پیش رفت کا نتیجہ سمجھی جا رہی ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles