ڈیزل مہنگا، سفر بھی مہنگا، پاکستان ریلویز نے ٹرین کرایوں میں بڑا اضافہ

ڈیزل مہنگا، سفر بھی مہنگا، پاکستان ریلویز نے ٹرین کرایوں میں بڑا اضافہ

پاکستان ریلویز نے ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز کے مطابق ایندھن کے اخراجات میں نمایاں اضافے کے باعث کرایوں میں رد و بدل ناگزیر ہو گیا تھا۔

ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق نئے فیصلے کے تحت اکانومی کلاس کے کرایوں میں پانچ فیصد جبکہ اے سی کلاسز کے کرایوں میں دس فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں بیس فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق ملک بھر میں چلنے والی تمام مال گاڑیوں پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر پاکستان ریلوے نے کرایوں میں اضافہ کر دیا

حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً بیس فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ٹرینوں کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ پاکستان ریلویز کا کہنا ہے کہ ادارہ پہلے ہی مالی دباؤ کا شکار ہے اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد موجودہ کرایوں پر ٹرینوں کو چلانا مشکل ہو گیا تھا۔

ترجمان کے مطابق مسافر ٹرینوں کے آپریشنل اخراجات میں ہونے والے مکمل اضافے کو مسافروں پر منتقل نہیں کیا گیا بلکہ اس کا ایک بڑا حصہ پاکستان ریلویز خود برداشت کرے گا تاکہ عوام پر مالی بوجھ کو کم سے کم رکھا جا سکے۔

پاکستان ریلویز نے واضح کیا ہے کہ کرایوں میں یہ اضافہ 9 مارچ سے نافذ العمل ہوگا اور اس کا اطلاق ملک بھر میں چلنے والی تمام مسافر اور مال بردار ٹرینوں پر کیا جائے گا۔ تاہم وہ مسافر جنہوں نے اس تاریخ سے قبل اپنی ٹکٹیں بک کروا لی ہیں ان پر نئے کرایوں کا اطلاق نہیں ہوگا اور وہ پرانی قیمتوں پر ہی سفر کر سکیں گے۔

حکام کے مطابق مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ اس لیے زیادہ کیا گیا ہے کیونکہ مال برداری کے شعبے میں ایندھن کے اخراجات کا حصہ زیادہ ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مال گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے سے مختلف اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات بھی بڑھ سکتے ہیں جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں قیمتوں پر اثر پڑنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، ٹرانسپورٹرز برہم، ملک بھر میں کرایوں میں بڑا اضافہ

پاکستان ریلویز کے مطابق ادارہ ملک میں سستی اور محفوظ سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو کرایوں کے ڈھانچے پر دوبارہ نظر ثانی بھی کی جا سکتی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق ملک میں توانائی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے اثرات مختلف شعبوں پر پڑ رہے ہیں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اخراجات بڑھنے سے عوامی سفری سہولیات بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ پاکستان ریلویز کی جانب سے کرایوں میں محدود اضافہ اسی دباؤ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *