امریکی ریاست مشیگن کے ایک 68 سالہ شخص کی قسمت نے ایسا پلٹا کھایا کہ جس لاٹری گیم سے وہ ہمیشہ دور رہتے تھے، اسی ٹکٹ نے انہیں لاکھوں ڈالر کا مالک بنا دیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص باقاعدگی سے لاٹری ٹکٹ خریدتے تھے اور ہر بار ٹکٹ لیتے وقت دکاندار کو خصوصی ہدایت دیتے تھے کہ انہیں کوئی بھی فاسٹ کیش گیم دی جائے، لیکن ڈیٹرائٹ لائنز والی گیم نہ دی جائے کیونکہ ان کا خیال تھا کہ وہ ان کے لیے خوش قسمت ثابت نہیں ہو رہی۔
تاہم اس بار قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ جب وہ اسپیڈ وے پٹرول اسٹیشن پر لاٹری ٹکٹ خریدنے پہنچے تو وہ اپنی معمول کی ہدایت دینا بھول گئے۔ کیشیئر نے انہیں وہی ڈیٹرائٹ لائنز گیم کا ٹکٹ دے دیا جس سے وہ ہمیشہ گریز کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ عام طور پر ٹکٹ خریدنے کے فوراً بعد اسے چیک نہیں کرتے، اس لیے ٹکٹ جیب میں رکھ لیا۔ بعد میں جب انہوں نے اسے کھولا اور نمبر چیک کیے تو ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔
اسی ٹکٹ نے انہیں 10 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا جیک پاٹ انعام جتوا دیا۔خوش قسمت شخص کا کہنا ہے کہ اگر وہ اس روز اپنی پرانی ہدایت نہ بھولتے تو شاید وہ زندگی بدل دینے والے اس انعام سے محروم رہ جاتے۔ ایک ایسا ٹکٹ جسے وہ ہمیشہ نظرانداز کرتے تھے، آخرکار ان کی قسمت کا سب سے بڑا سبب بن گیا۔