نادرا نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے پیش نظر شہریوں کو اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ قومی شناختی دستاویزات کی فیسوں میں اضافے اور ممکنہ جرمانوں سے بچنے کیلئے بروقت کارروائی یقینی بنائی جائے۔
نادرا کے مطابق شہری اپنے زائدالمیعاد قومی شناختی کارڈز کی تجدید اور بچوں کے ب فارم کا اندراج 30 جون 2026 تک مکمل کر لیں کیونکہ نئے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے بعد ان سروسز پر اضافی فیسیں عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ فیسوں کے ڈھانچے پر نظرثانی زیر غور ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کو زیادہ اخراجات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
نادرا نے والدین کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ جن بچوں کے ب فارم ابھی تک نہیں بنوائے گئے ان کی فوری رجسٹریشن کرائی جائے۔ اسی طرح ایسے بچے جو اسمارٹ قومی شناختی کارڈ کے اہل ہو چکے ہیں ان کے ب فارم کو بروقت شناختی کارڈ میں تبدیل کروانا بھی ضروری ہے تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی پیچیدگی یا اضافی اخراجات سے بچا جا سکے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ بروقت دستاویزات کی تیاری نہ صرف شہریوں کو مالی بوجھ سے بچا سکتی ہے بلکہ مختلف سرکاری و نجی خدمات کے حصول میں بھی آسانی پیدا کرتی ہے۔ نادرا دفاتر میں رش بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے جلد از جلد اپنے قریبی مراکز سے رجوع کریں۔
ماہرین کے مطابق بجٹ کے بعد سرکاری فیسوں میں اضافے کا رجحان عام ہوتا ہے، اس لیے نادرا کی پیشگی ہدایات شہریوں کیلئے ایک موقع ہیں کہ وہ بروقت اقدام کر کے اضافی اخراجات سے بچ سکیں۔