ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2026 کے فائنل میں میزبان ٹیم بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 96 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کا ٹائٹل کامیابی کے ساتھ برقرار رکھا۔
یہ تاریخی مقابلہ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں بھارتی ٹیم نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر عالمی اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ٹیم ہونے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 19 اوورز میں 159 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائیفرٹ 52 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ کپتان مچل سینٹنر نے 43 رنز اسکور کیے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیرل مچل 17، فن ایلن 9، جیمز نیشم 8، گلین فلپس 5، جیکب ڈفی 3، مارک چیمپین 3، رچن رویندرا 1 اور میٹ ہینری صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی بولنگ لائن نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ بھارتی بولر جسپریت بمراہ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اکشر پٹیل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ ابھیشیک شرما، ہارڈک پانڈیا اور ورون چکرورتی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔ بھارتی اننگز میں سنجو سیمسن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 89 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
اس کے علاوہ ایشان کشن نے 54 رنز اور ابھیشیک شرما نے 52 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔ کپتان سوریا کمار یادو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ شیوم ڈوبے 26 اور تلک ورما 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی بولنگ میں جیمز نیشم نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رچن رویندرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارتی بیٹنگ کے دباؤ کو سنبھال نہ سکی اور مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔