41 لاکھ 80 ہزارتنخواہ کی نوکری سامنے آگئی، شرط صرف ریچھ بننا ہے

41 لاکھ 80 ہزارتنخواہ کی نوکری سامنے آگئی، شرط صرف ریچھ بننا ہے

چین کے ایک چڑیا گھر کی جانب سے ریچھ کا لباس پہن کر زائرین کو محظوظ کرنے کے لیے ملازمین کی بھرتی کا اشتہار سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس نے صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔

چین کے صوبہ ہینان کے شہر لووہے میں واقع ایک چڑیا گھر نے منفرد ملازمت کا اعلان کرتے ہوئے افراد کو سیاہ ریچھ کا لباس پہن کر سیاحوں کی تفریح کا حصہ بننے کی دعوت دی۔

اشتہار کے مطابق منتخب امیدواروں کو سالانہ ایک لاکھ یوآن، یعنی تقریباً 15 ہزار امریکی ڈالر یعنی 41 لاکھ 80 ہزار پاکستانی روپے تنخواہ دی جائے گی۔ اس ملازمت کے لیے مرد و خواتین دونوں درخواست دے سکتے ہیں، تاہم امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال اور جسمانی صحت اچھی ہونا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں :جدید فیچرز، کم قیمت، میٹا کا نیا اسمارٹ چشمہ سامنے آ گیا

چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق ملازمین کو روزانہ 6 گھنٹے کام کرنا ہوگا جبکہ انہیں ماہانہ 4 چھٹیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ریچھ کا کردار ادا کرنے والے ملازمین کو زائرین کے ساتھ گفتگو کی اجازت نہیں ہوگی، البتہ وہ ریچھوں جیسی آوازیں نکال سکتے ہیں۔ ہنگامی صورتحال یا کسی مدد کی ضرورت پڑنے پر بولنے کی اجازت دی جائے گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملازمین کو سیاحوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے کھانے پینے کی اشیا قبول کرنے کی بھی اجازت ہوگی۔اشتہار میں اس ملازمت کو چڑیا گھر کی ’’سب سے آزاد نوکری‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اگر ملازم تھکاوٹ محسوس کرے تو آرام سے لیٹ سکتا ہے، جبکہ توانائی ہونے کی صورت میں ناچنے، درختوں پر چڑھنے یا دیگر تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سام سنگ کا مصنوعی ذہانت کی جانب بڑا قدم

چڑیا گھر کا کہنا ہے کہ یہ ملازمت ملنسار اور کم گو، دونوں طرح کے افراد کے لیے موزوں ہے کیونکہ اس میں زیادہ بات چیت کی ضرورت نہیں ہوتی۔اشتہار میں امیدواروں کو یہ بھی ترغیب دی گئی کہ جتنا منفرد، دلچسپ اور مزاحیہ انداز اپنایا جائے گا، اتنی ہی زیادہ مقبولیت حاصل ہونے کے امکانات ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق اس منفرد نوکری کے لیے 100 سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کروائیں جبکہ تمام آسامیاں چند ہی دنوں میں پُر ہوگئیں۔چڑیا گھر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ملازم سوشل میڈیا پر مقبول ہو جائے تو وہ اپنی بنیادی تنخواہ سے بھی زیادہ آمدنی حاصل کر سکتا ہے۔

editor

Related Articles