ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اپنے اے آئی سے لیس اسمارٹ چشموں کا نیا اور نسبتاً کم قیمت ورژن متعارف کرا دیا ہے، جسے جدید فیچرز کے باوجود پہلے ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ سستی قیمت پر پیش کیا گیا ہے۔
میٹا کا یہ نیا اسمارٹ چشمہ بھی دنیا کی معروف آئی ویئر کمپنی ایسیلور لُوکزوٹیکا کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ یہی کمپنی رے بین اور اوکلے سمیت کئی مشہور چشمہ برانڈز کی مالک ہے۔
ماضی میں میٹا کے اسمارٹ گلاسز رے بین اور دیگر معروف برانڈز کے نام سے فروخت کیے جاتے تھے، تاہم اس بار کمپنی نے نئے ماڈل کو براہِ راست اپنے نام سے مارکیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے اسمارٹ چشمے کی قیمت 299 ڈالر یا 299 پاؤنڈ رکھی گئی ہے، جو رے بین کے اشتراک سے تیار کیے گئے ماڈلز کے مقابلے میں تقریباً 80 ڈالر کم ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کم قیمت ہونے کے باوجود اس نئے ماڈل میں تقریباً وہی جدید ٹیکنالوجی اور اسمارٹ فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو مہنگے ورژنز میں موجود ہیں۔
میٹا نے اسمارٹ گلاسز کی دنیا میں 2021 میں قدم رکھا تھا، جب کمپنی نے رے بین اسٹوریز کے نام سے اپنے پہلے اسمارٹ چشمے متعارف کرائے تھے۔ ان چشموں میں کیمرہ اور اسپیکرز شامل تھے، جس کی بدولت روایتی سن گلاسز ایک اسمارٹ ڈیوائس میں تبدیل ہو گئے تھے۔
بعد ازاں 2023 میں کمپنی نے ان چشموں کا اپ گریڈ ورژن پیش کیا، جس میں کیمرہ، اسپیکرز اور دیگر اہم فیچرز کو مزید بہتر بنایا گیا۔ اس اپ گریڈ کے بعد میٹا کی ویئرایبل ٹیکنالوجی کو صارفین کی جانب سے زیادہ توجہ حاصل ہوئی۔
ماہرین کے مطابق نئے کم قیمت ماڈل کے ذریعے میٹا اسمارٹ ویئرایبل ڈیوائسز کی مارکیٹ میں اپنی موجودگی مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔