پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی شعیب اختر کے بڑے بھائی شاہد اختر انتقال کر گئے۔
شعیب اختر نے اپنے بھائی کے انتقال کی خبر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میرے پیارے بھائی شاہد اختر اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے حضور واپس چلے گئے ہیں.
سابق کرکٹر نے اپنے مداحوں دوستوں اور چاہنے والوں سے اپنے بھائی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے بتایا کہ شاہد اختر کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ عصر اسلام آباد کے علاقے ایچ-8 میں ادا کی جائے گی۔
شعیب اختر کے اہل خانہ اور قریبی ذرائع کے مطابق خاندان اس غم کی گھڑی میں صدمے سے دوچار ہے جبکہ مداحوں اور کرکٹ حلقوں کی جانب سے سابق فاسٹ بولر اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
شعیب اختر پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے تیز ترین بولرز میں شمار ہوتے ہیں اور اپنے شاندار کیریئر کے دوران انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ان کے مداحوں کی بڑی تعداد نے سوشل میڈیا پر شاہد اختر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔