پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر شاہین آفریدی انگلینڈ میں کھیلی جانے والی ہنڈریڈ لیگ کے آکشن سے دستبردار ہو گئے۔
شاہین آفریدی نے دی ہنڈریڈ لیگ کے آکشن سے ایک روز قبل ہی دستبرداری اختیار کی ہے۔
جولائی میں ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز کے باعث شاہین آفریدی نے دستبرداری اختیار کی ہے۔
یاد رہے کہ یہ خبرسامنے آئی تھی کہ لیگ میں بھارتی مالکانہ حقوق والی ٹیمیں پاکستانی کھلاڑیوں کو نظر انداز کر سکتی ہیں ، تاہم انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور ‘دی ہنڈریڈ’ کی تمام آٹھ فرنچائزز نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ۔
آکشن کے لیے مجموعی طور پر 67 پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے نام جمع کرائے ، جن میں 63 مرد اور 4 خواتین کرکٹرز شامل ہیں۔
‘دی ہنڈریڈ’ انتظامیہ اور ٹیموں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب صرف ان کی کارکردگی، دستیابی اور ٹیم کی ضرورت کی بنیاد پر ہوگا، نہ کہ ان کی قومیت، نسل یا مذہب کی بنیاد پر۔
انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم کرکٹنگ نیشن ہے اور ٹورنامنٹ میں ان کی عدم موجودگی افسوسناک ہوگی۔