محکمہ موسمیات نے ملک کے 2 بڑے شہروں لاہور اور کراچی کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آئندہ چند دنوں کے دوران لاہور میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں صبح کے اوقات میں آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے باعث موسم خوشگوار اور قدرے سرد محسوس کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت بادلوں اور ٹھنڈی ہوا کے باعث موسم میں واضح تبدیلی محسوس کی جا رہی ہے جس سے گرمی کی شدت میں عارضی کمی آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج سے ملک میں داخل ہونے کا امکان، مختلف شہروں میں بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج سے 16 مارچ تک بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے جس کے باعث شہر کا درجہ حرارت تقریباً 4 ڈگری تک کم ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے اس نئے سپیل کے بعد موسم خوشگوار ہو جائے گا اور گرمی کی شدت میں واضح کمی آئے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا واضح امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب تقریباً 49 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں متوقع طوفانی بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ زراعت نے کسانوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنی فصلوں کو ممکنہ موسمی اثرات سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ماہرین کے مطابق بارش اور تیز ہواؤں کے باعث بعض علاقوں میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
ادھر کراچی میں موسم کا مزاج مختلف دکھائی دے رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا مطلع جزوی ابر آلود ہے تاہم موسم مرطوب ہے جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں کراچی میں درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے اور پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے باعث گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے جبکہ مجموعی طور پر موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں:آج سے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی

