رات گئے زمین ہل گئی، کراچی کے کئی علاقوں میں زلزلہ

رات گئے زمین ہل گئی، کراچی کے کئی علاقوں میں زلزلہ

کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے جھٹکے شہر کے گنجان آباد علاقوں لانڈھی خرم آباد، ملیر، کورنگی، شاہ فیصل کالونی اور قائد آباد میں واضح طور پر محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔ ماہرین کے مطابق زلزلے کا مرکز کراچی کے جنوب میں تقریباً 100 کلو میٹر کے فاصلے پر سمندر میں واقع تھا۔ جھٹکے چند سیکنڈ تک محسوس کیے گئے تاہم شدت کے باعث گھروں اور دکانوں میں موجود افراد گھبرا کر باہر نکل آئے۔

یہ بھی پڑھیں:انڈونیشیا میں 6.1 شدت کا زلزلہ، سماٹرا لرز اٹھا

عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کے دوران عمارتوں میں ہلکی لرزش محسوس کی گئی جبکہ گھروں میں رکھے برتن اور پنکھے بھی ہلتے ہوئے دکھائی دیے۔ بعض علاقوں میں لوگ خوف کے باعث فوری طور پر سڑکوں اور گلیوں میں نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔

لانڈھی خرم آباد اور کورنگی کے رہائشیوں کا کہنا تھا کہ اچانک زمین میں لرزش محسوس ہوئی جس کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو خبردار کیا اور گھروں سے باہر نکل آئے۔ کئی مقامات پر خواتین اور بچے بھی خوفزدہ دکھائی دیے جبکہ بزرگ شہری مسلسل دعائیں کرتے رہے۔

ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق زلزلے کے باعث تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ متعلقہ اداروں نے مختلف علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے جبکہ ہنگامی ٹیموں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔

ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ کم شدت کے زلزلے بعض اوقات زمین کے اندر موجود دباؤ کو خارج کرنے کا باعث بنتے ہیں، تاہم شہریوں کو ایسی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں اور غیر ضروری طور پر خوف و ہراس میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں:امریکا میں خوفناک شدت کا زلزلہ، برفانی پہاڑ بھی لرز اٹھے

دوسری جانب زلزلے کے جھٹکوں کے بعد سوشل میڈیا پر بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے تجربات شیئر کیے اور مختلف علاقوں میں لرزش محسوس ہونے کی اطلاعات دیں۔ کئی صارفین نے دعائیہ پیغامات بھی شیئر کیے اور لوگوں کو احتیاط برتنے کی تلقین کی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے اور کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کو فوری اطلاع دیں۔

Related Articles