تمام بنک رات بارہ بجے تک کھلے رہیں گے، سٹیٹ بنک کا بڑا اعلان

تمام بنک رات بارہ بجے تک کھلے رہیں گے، سٹیٹ بنک کا بڑا اعلان

مالی سال 2025-26 کے اختتام پر ٹیکس وصولیوں کے ہدف کو یقینی بنانے کے لیے حکومت نے ملک بھر میں خصوصی انتظامات کرتے ہوئے بینکوں اور متعلقہ سرکاری دفاتر کے اوقات کار میں توسیع کر دی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی درخواست پر ٹیکس وصول کرنے والی تمام مجاز نجی بینکوں کی شاخیں آج رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی تاکہ ٹیکس دہندگان اپنے واجبات بروقت جمع کرا سکیں۔

اعلامیے کے مطابق کسٹمز ڈیوٹیز وصول کرنے والی نیشنل بینک آف پاکستان کی نامزد شاخیں رات 11 بج کر 59 منٹ تک کھلی رہیں گی جس سے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان سمیت دیگر متعلقہ افراد کو مقررہ وقت کے اندر محصولات جمع کرانے کی سہولت میسر آئے گی۔

دوسری جانب ایف بی آر نے بھی مالی سال کے اختتامی دن ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے اپنے دفاتر کے اوقات کار میں توسیع کر دی ہے اس کے علاوہ ملک بھر کے ایکسائز دفاتر بھی آج رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے تاکہ ٹیکسوں ڈیوٹیز اور دیگر سرکاری واجبات کی وصولی کا عمل بغیر کسی تعطل کے جاری رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران پھر آمنے سامنے ، تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھ گئیں

حکام کا کہنا ہے کہ مالی سال کے آخری روز بڑی تعداد میں افراد اور کاروباری ادارے ٹیکس اور دیگر واجبات جمع کراتے ہیں اسی وجہ سے بینکوں اور سرکاری دفاتر کے اوقات کار بڑھائے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ٹیکس دہندہ کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایف بی آر نے تمام ٹیکس دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری وقت کا انتظار کرنے کے بجائے بروقت اپنے ٹیکس اور ڈیوٹیز جمع کرائیں تاکہ اضافی رش اور تکنیکی مسائل سے بچا جا سکے۔ حکام کے مطابق خصوصی انتظامات کا مقصد محصولات کی بروقت وصولی اور مالی سال کے اختتام پر تمام مالیاتی امور کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنا ہے۔

editor

Related Articles