پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ کے مطابق اب تک پروگرام کے تحت ایک لاکھ 66 ہزار بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ گھروں کی تعمیر کے لیے 215 ارب 76 کروڑ روپے سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی جا چکی ہے۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اس پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 5 ہزار 594 گھر مکمل ہو چکے ہیں جہاں ہزاروں خاندان اپنی مستقل رہائش اختیار کر کے کرائے کے گھروں سے نجات حاصل کر چکے ہیں۔ مزید 28 ہزار 453 گھر زیر تعمیر ہیں، جبکہ 32 ہزار 48 نئے گھروں کی تعمیر کا آغاز بھی جلد کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ کم آمدنی والے خاندانوں کو بلاسود ہاؤسنگ فنانس کی فراہمی کا عمل مسلسل جاری ہے جس کا مقصد ایسے افراد کو اپنی ذاتی چھت فراہم کرنا ہے جو محدود وسائل کے باعث گھر بنانے سے قاصر تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک جاری کیے گئے قرضوں میں سے 14 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کی رقم واپس بھی وصول کی جا چکی ہے جو اس منصوبے کی کامیاب عمل درآمد اور قرضوں کی بروقت واپسی کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس اسکیم کے لیے مجموعی طور پر 12 لاکھ 11 ہزار 954 درخواستیں موصول ہوئیں جو عوام کی بھرپور دلچسپی کا اظہار ہیں۔
ترجمان کے مطابق پروگرام سے استفادہ کرنے والوں میں 91 ہزار 434 مرد 14 ہزار 7 خواتین اور 23 ٹرانس جینڈر افراد شامل ہیں جنہوں نے بلاسود قرضے کی سہولت سے اپنے ذاتی گھروں کی تعمیر مکمل کی یا تعمیر کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔
دیہی اور شہری علاقوں میں منصوبے کی پیش رفت بھی حوصلہ افزا رہی۔ محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق دیہی پنجاب میں 60 ہزار 139 جبکہ شہری علاقوں میں 45 ہزار 325 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جس سے ہزاروں خاندانوں کو محفوظ باعزت اور مستقل رہائش میسر آئی ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں کم آمدنی والے خاندانوں کو یکساں بنیادوں پر رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ترجمان کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام نہ صرف عوام کو بلاسود قرضے فراہم کر رہا ہے بلکہ معاشی استحکام روزگار کے مواقع اور تعمیراتی شعبے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔