متحدہ عرب امارات میں گمراہ کن ویڈیوز پھیلانے کا الزام، 10 افراد کی گرفتاری کا حکم

متحدہ عرب امارات میں گمراہ کن ویڈیوز پھیلانے کا الزام، 10 افراد کی گرفتاری کا حکم

متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے حساس نوعیت کی ویڈیو کلپس نشر کرنے کے الزام میں 10 افراد کی گرفتاری کا حکم جاری کرتے ہوئے انہیں فوری سماعت کے لیے عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ یہ اقدام قومی سلامتی اور عوامی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے سرکاری بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ زیر تفتیش مواد میں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے حملوں کو ناکام بنانے سے متعلق حقیقی ویڈیوز کے ساتھ ساتھ کچھ ایسے من گھڑت مناظر بھی شامل تھے جنہیں سوشل میڈیا پر پھیلا کر عوامی رائے کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کی ویڈیوز معاشرے میں خوف و ہراس پیدا کرنے اور غلط معلومات پھیلانے کا سبب بن سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف تیراہ کی نقل مکانی سے متعلق اے آئی ویڈیوز بنا کر گمراہ کن پروپیگینڈا کررہی ہے، سینئر تجزیہ کار رضوان رضی

میڈیا رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ بعض ویڈیو کلپس کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا جبکہ کچھ ویڈیوز میں ترمیم کر کے انہیں حقیقت سے مختلف انداز میں دکھایا گیا۔ حکام کے مطابق ان ویڈیوز کو ہزاروں افراد تک پہنچانے کی کوشش کی گئی جس کے باعث متعلقہ اداروں نے فوری کارروائی کا فیصلہ کیا۔

متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام ملزمان کو فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ تیز رفتار قانونی کارروائی کے ذریعے معاملے کا فیصلہ کیا جا سکے۔ حکام کے مطابق ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے جھوٹی یا گمراہ کن معلومات پھیلانا ملکی قوانین کے تحت سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے۔

حکام نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے حساس نوعیت کی معلومات یا ویڈیوز پھیلانے سے قومی سلامتی اور عوامی اعتماد کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:بلیک میلنگ اور خواتین کا استعمال ،وائرل ویڈیو میں حوا بلوچ(دروشم ) کے بھارتی بی ایل اے سے متعلق ہوشربا انکشافات

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو چاہیے کہ وہ کسی بھی ویڈیو یا خبر کو بغیر تصدیق کے آگے پھیلانے سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر ہی اعتماد کریں۔

واضح رہے کہ حالیہ کارروائی اس بات کا واضح پیغام ہے کہ ریاستی سلامتی اور عوامی نظم و امان کو متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جا رہی ہے۔

حکام نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر غلط معلومات اور افواہوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نگرانی کا نظام مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ معاشرے میں استحکام اور اعتماد کو برقرار رکھا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *