متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا پر ملکی سلامتی کیخلاف مواد اَپ لوڈ کرنے پر17 بھارتیوں سمیت 25 افراد گرفتار

متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا پر ملکی سلامتی کیخلاف مواد اَپ لوڈ کرنے پر17 بھارتیوں سمیت 25 افراد گرفتار

متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا کے ذریعے مبینہ طور پر ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور جھوٹی معلومات پھیلانے کے الزامات کے تحت حکام نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ’25‘ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے منظم انداز میں سرگرم تھے۔

اماراتی حکام کے مطابق گرفتار افراد میں ’17‘ بھارتی شہری شامل ہیں جبکہ پاکستان، نیپال اور فلپائن کے ’2، 2‘ شہری بھی حراست میں لیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بنگلا دیش اور مصر کے ’1، 1‘ شہری بھی اس کارروائی میں گرفتار ہونے والوں میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مواد: شہباز گل کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ افراد ’3‘ مختلف گروپوں کی صورت میں کام کر رہے تھے اور ان کا مقصد سوشل میڈیا کے ذریعے غلط معلومات، گمراہ کن مواد اور اشتعال انگیز پیغامات پھیلانا تھا جس سے معاشرے میں بے چینی پیدا ہو سکتی تھی۔

اماراتی حکام کے مطابق ان گروپوں میں سے ایک گروپ جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلجنس کی مدد سے جعلی ویڈیوز تیار کر رہا تھا۔ ان ویڈیوز کو اس انداز میں بنایا جاتا تھا کہ وہ حقیقی واقعات یا بیانات معلوم ہوں، تاہم حقیقت میں وہ مکمل طور پر من گھڑت اور گمراہ کن مواد پر مبنی ہوتے تھے۔

تحقیقات کے مطابق یہ جعلی ویڈیوز مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کر کے عوامی رائے کو متاثر کرنے اور غلط معلومات پھیلانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کی سرگرمیاں نہ صرف عوام کو گمراہ کرتی ہیں بلکہ ملکی سلامتی اور سماجی استحکام کیلئے بھی خطرہ بن سکتی ہیں۔

اماراتی سیکیورٹی اداروں نے بتایا کہ جدید سائبر نگرانی اور تکنیکی ذرائع کی مدد سے اس نیٹ ورک کا سراغ لگایا گیا۔ تحقیقات کے دوران ملزمان کے زیر استعمال کمپیوٹرز، موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل آلات بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں تاکہ مزید شواہد حاصل کیے جا سکیں۔

مزید پڑھیں:پاکستان سائبر ٹیم کا بھارتی ہیکرز کو کرارا جواب،3 کروڑ سبسکرائبر والا نیوز چینل ہیک، نشریات بند، سکرین پر ہلا دینے والا پیغام جاری

حکام نے واضح کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال، جھوٹی معلومات کی اشاعت اور ریاستی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں کے خلاف سخت قوانین موجود ہیں اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جاتی ہے۔

اماراتی حکام کے مطابق گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس نیٹ ورک سے منسلک دیگر ممکنہ افراد کی بھی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ حکام نے سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں اور کسی بھی مواد کو شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *