وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت نے ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری سے متعلق کیے گئے حکومتی اقدامات کے جامع آڈٹ کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت متعلقہ اقدامات کے اثرات اور نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق حکومت کی جانب سے ایندھن کے استعمال میں کمی اور اخراجات کو محدود کرنے کے لیے مختلف اقدامات متعارف کرائے گئے تھے۔
ان اقدامات کی مؤثریت اور عملی نتائج کا جائزہ لینے کے لیے اب باضابطہ طور پر آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حکومتی پالیسیوں سے کس حد تک مطلوبہ نتائج حاصل ہوئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایندھن بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کی جامع جانچ پڑتال کا ٹاسک انٹیلی جنس بیورو کو سونپ دیا گیا ہے۔
ادارہ اس سلسلے میں مختلف سرکاری محکموں اور اداروں میں نافذ کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لے گا اور اس بات کا تعین کرے گا کہ ان پالیسیوں سے ایندھن کے استعمال اور حکومتی اخراجات میں کس قدر کمی واقع ہوئی ہے۔
حکومتی ہدایات کے مطابق انٹیلی جنس بیورو کی ایک خصوصی ٹیم اس مقصد کے لیے تشکیل دی گئی ہے جو ملک بھر میں نافذ کیے گئے کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی اور جانچ کرے گی، ٹیم اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ سرکاری دفاتر اور اداروں میں ایندھن بچانے سے متعلق جاری ہدایات پر کس حد تک عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس بیورو کی ٹیم اپنی ہفتہ وار رپورٹ براہ راست وزیراعظم کو پیش کرے گی، ان رپورٹس میں ایندھن بچت سے متعلق اقدامات کے اثرات، عمل درآمد کی صورتحال اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں گی۔