ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں کرفیو نافذ، پولیس اور سیکیورٹی ادارے الرٹ، اہم راستوں پر چیک پوسٹیں قائم

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں کرفیو نافذ، پولیس اور سیکیورٹی ادارے الرٹ، اہم راستوں پر چیک پوسٹیں قائم

خیبر پختونخوا کے ضلع ’ڈیرہ اسماعیل خان‘ کی تحصیل ’کلاچی‘میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے صبح 6 بجے سے شام  6 بجے تک کرفیو لگانے کا اعلان کردیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو کے دوران شہریوں کی نقل و حرکت محدود رہے گی اور علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:چرس کہ کاروبار کے لیے مشہور میدان وادی تیراہ، ضلع خیبر میں کرفیو نافذ

نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو کے دوران صبح 6 بجے سے شام  6 بجے تک ہر قسم کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمدورفت پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس دوران تحصیل کلاچی کے اہم تجارتی مراکز پوٹہ بازار اور  ہتھالہ بازار بھی بند رہیں گے تاکہ علاقے میں غیر ضروری نقل و حرکت کو روکا جا سکے اور سیکیورٹی ادارے مؤثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرفیو کے دوران شہریوں کی نقل و حرکت صرف خصوصی اجازت سے ممکن ہوگی۔ ایسے افراد جنہیں ناگزیر وجوہات کی بنا پر باہر نکلنا پڑے، انہیں متعلقہ حکام سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کرفیو پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو یہ بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ کرفیو کے دوران اگر انہیں کسی مجبوری کے تحت سفر کرنا پڑے تو وہ اپنے شناختی کاغذات اور دیگر ضروری دستاویزات ہمراہ رکھیں تاکہ سیکیورٹی چیکنگ کے دوران کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ اہم شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد علاقے میں امن و امان برقرار رکھنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔

مزید پڑھیں:شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر مکمل عمل کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات عارضی نوعیت کے ہیں اور صورتحال معمول پر آتے ہی پابندیوں میں نرمی لائی جائے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *