محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے جبکہ تیز ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں کل کی نسبت مزید کمی آگئی۔
لاہور میں تیز ہواکیساتھ رات سے جاری بارش کے باعث موسم خوشگوار ہے اور ہوا کی رفتار 14 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ، ٹھنڈک کا احساس بڑھ گیا۔
پنجاب کےمختلف اضلاع میں رات بھر وقفے وقفے سے گرج چمک اور تیزہواؤں کےساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، گجرات میں وقفے وقفے سے جاری بارش نے جل تھل ایک کردیا تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
سرگودھا میں گرج چمک اور تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی،ڈسکہ وزیر آباد، میانوالی، پھالیہ، خانقاں ڈوگراں، نارووال، فیروزوالا میں بارش کے باعث درجہ حرارت گر گیا۔
دوسری جانب مانسہرہ کے بالائی اورسیاحتی مقامات شوگراں،ناران میں ہلکی برف پڑی،میدانوں علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔