عید قریب آتے ہی مرغی مہنگی، شہری پریشان

عید قریب آتے ہی مرغی مہنگی، شہری پریشان

عیدالفطر قریب آتے ہی پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ ضروریات کی خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے۔ بازاروں میں مرغی، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ رپورٹ ہو رہا ہے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔

پولٹری مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ 1 ہفتے کے دوران مرغی کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 45 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد پولٹری مارکیٹ میں زندہ مرغی کی قیمت بڑھ کر 405 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ طلب میں اضافے اور سپلائی میں کمی کے باعث قیمتوں میں یہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا

شہریوں کا کہنا ہے کہ عید قریب آتے ہی گوشت اور مرغی کی مانگ بڑھ جاتی ہے، جس سے قیمتیں مزید بڑھنے لگتی ہیں۔ خریداروں کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں مرغی کی قیمت میں اچانک اضافہ ہوا ہے جس نے گھریلو بجٹ کو متاثر کیا ہے۔

دوسری جانب سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مختلف سبزیوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے فی کلو تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مارکیٹ میں ٹماٹر، آلو، پیاز اور دیگر روزمرہ استعمال کی سبزیاں پہلے کے مقابلے میں مہنگی فروخت ہو رہی ہیں جس کے باعث شہری پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

اسی طرح پھلوں کی قیمتوں میں بھی واضح اضافہ سامنے آیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق مختلف پھلوں کی قیمتوں میں 50 روپے فی کلو تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سیب، کیلا، آڑو اور دیگر موسمی پھل مہنگے ہونے سے خریداروں کی تعداد میں بھی کمی دیکھی جا رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ عید سے قبل مہنگائی میں اضافے کی روایت ہر سال دہرائی جاتی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے دعوے عملی طور پر نظر نہیں آتے۔ خریداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بازاروں میں نرخوں کی باقاعدہ نگرانی کریں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں:سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر میں شوال کا چاند نظر آ گیا، برطانیہ میں بھی کل عیدالفطر منائی جائے گی

دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ منڈیوں میں خریداری مہنگی ہونے کے باعث وہ بھی قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہیں۔ ان کے مطابق ٹرانسپورٹ اخراجات اور طلب میں اضافے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو جاتا ہے۔

اگر عید سے قبل قیمتوں کی مؤثر نگرانی نہ کی گئی تو آئندہ چند دنوں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ بھی دیکھنے میں آ سکتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *