پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے نواحی علاقے میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم وصول کرنے کے لیے آنیوالی خواتین پر چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 8 خواتین جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہو گئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ نواحی علاقے چک نمبر 125 کے قریب ایک مارکیٹ میں پیش آیا جہاں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی قسط وصول کرنے کیلئے آئی 200 سے زائد خواتین ریٹیلر شاپ کی چھت پر موجود تھیں۔
حکام کے مطابق خواتین امداد کے انتظار میں موجود تھیں لیکن کمزور چھت اچانک گر گئی جس سے کئی خواتین ملبے تلے دب گئیں ، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا اور زخمی خواتین کو فوری طور پر شیخ زید ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
بعدازاں ریسکیو حکام نے بتایا کہ شیخ زاید ہسپتال میں زیر علاج مزید 3 خواتین دم توڑ گئیں، زخمی خواتین کی تعداد 76 ہے، میتیں شیخ زاید ہسپتال میں ورثاء کے حوالے کی جا رہی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثے کے بعد شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات کی جاری ہیں۔