محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے موقع پر ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتِ حال کے بارے میں پیش گوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق بالائی علاقوں میں عید کے دنوں میں آسمان ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ متعدد مقامات پر بارش اور آندھی کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں 17 مارچ کی شام اور رات کے وقت مغرب کی جانب سے نیا موسمی سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے اس سلسلے کے باعث 18 سے 20 مارچ کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 17 سے 20 مارچ تک بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، اسی طرح خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 مارچ کی رات سے 20 مارچ تک وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے،مری، گلیات، راولپنڈی اور اسلام آباد کے علاقوں میں آندھی اور ژالہ باری کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :محکمہ موسمیات نے عیدکے چاند کے حوالے سے پیشگوئی کر دی
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف شہروں میں 18 اور 19 مارچ کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، اسی طرح گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی تودے گرنے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے،اس لیے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ آندھی اور ژالہ باری کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں کمی آنے کا امکان ہے جس سے موسم نسبتاً ٹھنڈا ہو سکتا ہے۔

