نیو سٹی فیز ٹو کی رہائشی عائشہ خان نے اپنے خاندان کے ساتھ پیش آنے والے مظالم اوراس کے بعد اسلام آباد پولیس کی جانب سے کیے گئے ایکشن پر ویڈیو بیان جاری کیا ہے، ان کا کہنا ہے تھا کہ ان کے ساتھ سنگین ناانصافیاں ہوئیں جنہوں نے ان کی زندگی کو شدید متاثر کیا۔
عائشہ خان اور ان کی والدہ نے اپنے ویڈ یوپیغام میں کہاتھا کہ مطابق شاہد نامی ایک اے ایس آئی نے ان کے خاندان کو مسلسل ہراساں کیا،انہوں نے الزام عائد کیا کہ تقریباً دس سے بارہ روز قبل ان کے شوہر کو مسجد سے اٹھایا گیا، جبکہ ان کا بیٹا بھی دس دن سے لاپتہ رہا اور اس کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل رہی تھی،انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی بیٹی کو بھی ہراساں کیا جاتا رہا، جبکہ تین ماہ قبل بھی اسی اہلکار کی جانب سے ایک جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ ان حالات نے ان کے خاندان کو شدید ذہنی اذیت سے دوچار کر دیا تھا اور وہ مسلسل خوف اور پریشانی میں مبتلا رہے۔ تاہم، بعد ازاں اسلام آباد پولیس نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی، جس کے نتیجے میں انہیں انصاف فراہم کیا گیا۔
بعد ازاں عائشہ خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ شاید27 رمضان المبارک کی برکت تھی یہ کسی معجزے سے کم نہیں کہ انہیں اتنی جلدی انصاف ملا،انہوں نے اسلام آباد پولیس کے افسران اور جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف ان کی داد رسی کی بلکہ عملی طور پر مدد فراہم کرتے ہوئے ان کے مسائل کا حل نکالا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے بروقت اقدام نے ان کے اعتماد کو بحال کیا اور انہیں یہ احساس دلایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تحفظ کے لیے موجود ہیں، عائشہ خان نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے ہی فوری اور مؤثر اقدامات کے ذریعے شہریوں کو انصاف فراہم کیا جاتا رہے گا۔