متحدہ عرب امارات میں اشیاءضروریہ کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں،انتظامیہ کیا کرنے جارہی ؟

متحدہ عرب امارات میں اشیاءضروریہ کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں،انتظامیہ کیا کرنے جارہی ؟

ایرانی حملوں کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں متحدہ عرب امارات کی وزارتِ معیشت و سیاحت نے بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تاجروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد پر دو لاکھ درہم سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

وزارت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق خوراک اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی شکایات موصول ہونے پر ملک بھر میں بڑے پیمانے پر معائنہ مہم شروع کی گئی۔ اس دوران 7 ہزار سے زائد ریٹیلرز کی جانچ پڑتال کی گئی، جس میں 567 خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ ان خلاف ورزیوں میں اکثریت مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمتیں وصول کرنے سے متعلق تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی حملوں کے بعد بعض تاجروں نے طلب میں اضافے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ کیا۔ اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے وزارت نے فوری اقدامات کرتے ہوئے اب تک تاجروں، سپلائرز اور فروخت کنندگان کو 449 انتباہی نوٹس جاری کیے جبکہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 7 ہزار 250 درہم کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

وزارتِ معیشت و سیاحت نے واضح کیا ہے کہ قیمتوں پر سخت نگرانی کا نظام نافذ کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رہے۔ اعلامیے کے مطابق خوردنی تیل، انڈے، چاول، چینی، مرغی، دالیں، روٹی اور گندم جیسی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ وزارت اور متعلقہ قومی کمیٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر ممکن نہیں ہوگا۔

ادھر حکام نے بتایا کہ گزشتہ دو روز کے دوران پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ضرور دیکھا گیا، تاہم یہ اضافہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث عارضی نوعیت کا ہے۔ اس کے تدارک کے لیے ان اشیاء کی اضافی سپلائی مارکیٹ میں فراہم کر دی گئی ہے تاکہ طلب و رسد کا توازن برقرار رکھا جا سکے۔

وزارت نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں بنیادی اشیائے ضروریہ وافر مقدار میں دستیاب ہیں اور کسی قسم کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں۔ حکام کے مطابق مارکیٹ کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *