امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن اور دیگر حساس فوجی تنصیبات کے قریب مشتبہ ڈرونز کی پروازوں نے سیکیورٹی اداروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں اہم دفاعی مقامات پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مشتبہ ڈرونز کو نہ صرف فوجی اڈوں بلکہ اعلیٰ حکام کی رہائش گاہوں کے قریب بھی دیکھا گیا، جن میں وزیر خارجہ مارکو روبیو اور پینٹاگون کے سربراہ کے گھر کے اطراف کے علاقے شامل ہیں، ان غیر معمولی سرگرمیوں کے بعد امریکی حکام نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ایک پراسرار ڈرون کو ریاست لوزیانا میں واقع ایک اہم فوجی اڈے کے قریب پرواز کرتے دیکھا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی ادارے حرکت میں آ گئے اور اڈے کے اطراف حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے،حکام نے اس واقعے کو قومی سلامتی کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دیتے ہوئے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
یہ فوجی اڈہ امریکی فضائیہ کے جدید ترین بمبار طیاروں کا مرکز سمجھا جاتا ہے، جو جوہری اور روایتی دونوں اقسام کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس حساسیت کے پیش نظر ڈرون کی موجودگی نے سیکیورٹی خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد نہ صرف اس مخصوص اڈے بلکہ دیگر اہم تنصیبات کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے، جبکہ ان ڈرونز کی نوعیت، مقصد اور پس منظر جاننے کے لیے جامع تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان ڈرونز کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، تاہم ہر ممکن زاویے سے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔