بنگلہ دیش اور ملائیشیا میں شوال کے چاند کے حوالے سے اہم اعلان سامنے آ گیا ہے، جہاں اعلان کیا گیا ہے کہ چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد دونوں ممالک میں عیدالفطر ہفتہ 21مارچ کو منانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ملائیشین میڈیا کے مطابق ملک بھر میں چاند دیکھنے کے لیے کیے گئے مشاہدات کے دوران کہیں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا حکام نے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کا جائزہ لینے کے بعد باضابطہ اعلان کیا کہ رمضان المبارک کے تیس روز مکمل کیے جائیں گے اور عیدالفطر ہفتہ کو منائی جائے گی۔
اسی طرح بنگلہ دیش میں بھی رویت ہلال کے لیے کیے گئے اقدامات کے بعد چاند نظر آنے کی کوئی مستند شہادت موصول نہیں ہوئیمتعلقہ حکام نے ملک کے مختلف حصوں سے آنے والی اطلاعات کا بغور جائزہ لینے کے بعد اس بات کی تصدیق کی کہ شوال کا چاند دکھائی نہیں دیا، جس کے نتیجے میں عیدالفطر 21مارچ کو ہوگی۔
دونوں ممالک میں حکومتی اور مذہبی اداروں کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ چاند کی رویت کے لیے مقررہ اصولوں اور شواہد کو مدنظر رکھا گیا، اور اسی بنیاد پر متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس اعلان کے بعد بنگلہ دیش اور ملائیشیا میں عوام اب ہفتہ21 مارچ کو عیدالفطر منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں، جبکہ مساجد، بازاروں اور گھروں میں عید کی خوشیوں کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔