اسحاق ڈار اور وانگ ای کی بیجنگ میں ملاقات ، مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے 5 نکاتی اقدام پر اتفاق

اسحاق ڈار اور وانگ ای کی بیجنگ میں ملاقات ، مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے 5 نکاتی اقدام پر اتفاق

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر بیجنگ کا سرکاری دورہ کیا ہے  جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات روایتی گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں ہوئی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

 ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو پاکستان کی جانب سے تنازعات کے خاتمے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بریفنگ دی جس میں اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کا حالیہ اجلاس بھی شامل ہے۔

دونوں فریقین نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور ترقی پذیر ممالک پر اس کے سنگین سماجی و معاشی اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا،  اس تناظر میں خلیج اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پانچ نکاتی اقدام کا آغاز کیا گیا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے مغربی ایشیا میں امن کے فروغ اور تنازعات کے خاتمے کے لیے پاکستان کے فعال سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں :نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات میں تیزی سے آنے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور سی پیک 2.0 کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے ، نیز دوطرفہ تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطحی تبادلوں اور روابط بڑھانے پر زور دیا۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اپنے وفد کے ہمراہ پرتپاک استقبال اور مثالی مہمان نوازی پر چینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ،  ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، امن و استحکام کی اہمیت اور دہشتگردی کے مؤثر تدارک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں  ممالک نے باہمی رابطوں کو باقاعدگی سے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *