پاکستانی اداکارہ سوہائے علی ابڑو کی ازدواجی زندگی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر بالآخر خود اداکارہ نے خاموشی توڑ دی۔
گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا صارفین اداکارہ کے شوہر شہزار محمد کی تصاویر اور ان سے متعلق اپ ڈیٹس کی عدم موجودگی کے باعث مختلف قیاس آرائیاں کر رہے تھے۔ بعض مداحوں کا خیال تھا کہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے، تاہم سوہائے علی ابڑو کی تازہ سوشل میڈیا پوسٹ نے ان تمام افواہوں کو غلط ثابت کر دیا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی بیٹی اور شوہر شہزار محمد کے ساتھ چند خوبصورت تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ خود بھی موجود ہیں۔ تصاویر میں تینوں ایک خوش و خرم خاندان کے طور پر نظر آ رہے ہیں۔
سوہائے علی ابڑو نے پوسٹ کے ساتھ اپنے شوہر کو ’’بہترین والد‘‘ اور ’’ایک خاص انسان‘‘ قرار دیا، جس کے بعد مداحوں نے ان کی خاندانی زندگی کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں کو بے بنیاد قرار دینا شروع کر دیا۔اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور مداح ان پر محبت بھرے تبصرے کر رہے ہیں۔