محکمہ موسمیات نے یکم اپریل سے ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایک طاقتور مغربی ہواؤں کا سسٹم بدھ کے روز جنوبی بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگا، جو 4 اپریل تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے زیر اثر پاکستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں یکم سے 4 اپریل کے دوران موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ ٹھٹھہ، بدین، دادو، کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور تھرپارکر بھی اس سسٹم سے متاثر ہوں گے۔
بلوچستان کے 26 اضلاع میں بھی یکم سے 4 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور طوفانی ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجگور، کیچ، آواران، گوادر، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، خضدار، خاران اور چاغی سمیت کوئٹہ، دالبندین، قلات، سبی، کوہلو، بارکھان، نصیر آباد، لورالائی، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب اور مستونگ بھی متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں بھی کل سے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے دوران تیز ہوائیں چلنے اور ژالہ باری کے امکانات بھی موجود ہیں، جس سے کمزور عمارتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر اسلام آباد میں حالیہ بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا ہے اور درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ تاہم لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان نہیں اور مطلع صاف رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔