مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی کے لیے اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وفاقی دارالحکومت میں اسحاق ڈار کی زیر صدارت چار فریقی اجلاس کا آغاز ہو گیا ہے۔اس اجلاس میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کے ساتھ سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ شریک ہیں۔
اجلاس میں فرحان بن فیصل، حاقان فیدان اور ڈاکٹر بدر عبدالعاطی بھی شریک ہیں، ملاقات کا مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کا جائزہ لینا اور کشیدگی میں کمی کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کرنا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں خطے کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام کے قیام، اور ممکنہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔یہ چار فریقی ملاقات ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، جس میں متعلقہ ممالک کے اعلیٰ سطحی نمائندے براہ راست مشاورت کے ذریعے بحران کے حل کی راہیں تلاش کر رہے ہیں۔
اس سے قبل آج سعودی وزیر خارجہ فرحان بن فیصل خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد کے نور خان ہوائی اڈے پہنچے، جہاں ان کا استقبال کیا گیا، دوسری جانب مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ بھی گزشتہ روز اسلام آباد پہنچ چکے تھے، جس کے بعد آج یہ اہم اجلاس ممکن ہو سکا۔
چاروں ممالک کے درمیان ہونے والی یہ ملاقات خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہےاسلام آباد میں جاری یہ سفارتی سرگرمیاں اس بات کا واضح اشارہ ہیں کہ متعلقہ ممالک خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سنجیدہ اور متحرک ہیں، اور اس مقصد کے حصول کے لیے مشترکہ اقدامات پر غور جاری ہے۔